لاہور : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی معیشت میں استحکام آ چکا ہے اور ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ اچھے مقام پر ہے، معاشی اشاریے مثبت ہیں، کرنسی میں استحکام آیا ہے، اور اس سال کے بجٹ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ مشاورت کے بعد بجٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ ایف بی آر کی اصلاحات پر بھی کام جاری ہے تاکہ ٹیکس اتھارٹی میں بہتری لائی جا سکے اور عوام میں ٹیکس کی ادائیگی کی رغبت پیدا ہو سکے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مینوفیکچرنگ انڈسٹری اور سیلری کلاس پر بوجھ پڑا ہے، لیکن تمام شعبوں کو معیشت میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ معاشی لحاظ سے پاکستان آگے کی طرف بڑھ رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور گروتھ کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھانا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹہ بازی نہیں چلے گی اور حکومت اس کی حمایت نہیں کرے گی۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب، دبئی، واشنگٹن سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی سے کسی قسم کی ناراضگی کا سامنا نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس سال ترسیلات زر 35 بلین ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بتدریج اضافے کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت کا کردار اہم ہے، لیکن اصل کام پرائیویٹ سیکٹر کو کرنا ہے، جسے پالیسی فریم ورک کے ذریعے سپورٹ کیا جائے گا۔ آخر میں وزیر خزانہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مکمل حمایت اور دعاؤں کا یقین دلایا اور کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو کھل کر اور جم کر کھیلنا چاہیے۔