بیروت : حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصراللہ کی نماز جنازہ اور تدفین آج بیروت میں ادا کی جائے گی۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے حسن نصراللہ کی تدفین کے حوالے سے لبنان بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
دارالحکومت بیروت میں سکیورٹی کی اضافی نگرانی کی جارہی ہے، جبکہ حکومت نے فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے دستے تعینات کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ، بیروت ایئرپورٹ روڈ کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، حسن نصراللہ کی نماز جنازہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے ادا کی جائے گی۔ ان کی تدفین بیروت میں ایئرپورٹ روڈ کے قریب کی جائے گی، جہاں ان کے جسد خاکی کو سپرد خاک کیا جائے گا۔ حسن نصر اللہ کے ساتھ ان کے جانشین، شہید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی ادا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ حسن نصراللہ کو 27 ستمبر 2024 کو اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید کیا گیا تھا، جبکہ ان کے جانشین ہاشم صفی الدین کو بھی اسی سال اکتوبر میں شہید کردیا گیا تھا۔ حزب اللہ کے ان دونوں رہنماؤں کی نماز جنازہ مخصوص افراد کی موجودگی میں ادا کی گئی اور انہیں بعد ازاں ایک نامعلوم مقام پر سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔