آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارت کا ترانہ کیسے چل گیا؟ پی سی بی نے آئی سی سی سے وضاحت طلب کرلی

10:23 AM, 23 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور : لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا میچ شروع ہونے سے قبل ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب بھارت کا قومی ترانہ چلا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے فوری وضاحت طلب کی ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں بھارت کا ترانہ کیسے چلایا گیا۔

پی سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ترانے کی پلے لسٹ آئی سی سی نے تیار کی تھی، اور اس میں بھارت کا ترانہ شامل تھا، حالانکہ بھارت اس ایونٹ کا حصہ نہیں تھا اور پاکستان میں بھی موجود نہیں تھا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے میچ میں ترانہ چلانا آئی سی سی کی ذمہ داری تھی اور اس میں غلطی ہو گئی۔ اس حوالے سے پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کیا اور اس غلطی پر وضاحت طلب کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ نہ صرف پاکستان، بلکہ دیگر تمام کرکٹ ٹیموں کو اس غلطی پر وضاحت دی جائے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ چونکہ آئی سی سی اس ٹورنامنٹ کی منتظم ہے، اس لیے تمام تر انتظامات اور ایکزیکیوٹ کرنا اس کی ذمہ داری تھی۔

یاد رہے کہ میچ سے قبل آسٹریلیا کے قومی ترانے کے بجائے چند لمحے کے لیے بھارت کا ترانہ چلایا گیا تھا، جس پر پی سی بی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں