آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 : دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا

09:58 AM, 23 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

دبئی : آج دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا اہم میچ کھیلا جائے گا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ انتہائی سنسنی خیز ہوگا کیونکہ پاکستان کو ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے بھارت کے خلاف جیت ضروری ہے۔

پاکستانی ٹیم نے میچ سے پہلے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی، جس میں فیلڈنگ، بیٹنگ اور باؤلنگ کی مشقیں کی گئیں۔ تاہم، بابر اعظم فلو کی وجہ سے پریکٹس سیشن میں شریک نہ ہو سکے۔ میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی انجری کی وجہ سے امام الحق کو بھارت کے خلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا بھارت کے خلاف ریکارڈ بہتر رہا ہے، اور دونوں ٹیمیں پانچ بار اس میگا ایونٹ میں مدمقابل آئی ہیں۔ پاکستان نے تین جبکہ بھارت نے دو میچز میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے دبئی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا، ان کا کہنا تھا کہ "ہم ٹیم کے ساتھ ہیں، ہار ہو یا جیت۔"

پاک بھارت میچ کا بخار شائقین کرکٹ میں سر چڑھ کر بول رہا ہے، اور پاکستانی عوام کو اپنے کھلاڑیوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ دونوں ٹیمیں آج کا میچ جیتنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

مزیدخبریں