ملتان:ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو میچ جیتنے کے لیے 180 رنز کا ہدف دے دیا۔ملتان میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے، حسیب اللہ 37 اور بابراعظم نے 31 رنزکی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ رومین پاول 23، محمد حارث 19، پاول والٹر 1،آصف علی نے 13 رنز بنائے جبکہ لیوک ووڈ 17 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی،محمد علی اور اسامہ میر نے 2،2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہ نواز دہانی اور عباس آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔آج ملتان سلطانز نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ پشاور زلمی نے پلینگ الیون میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔
زلمی کی ٹیم میں کوڈیمور عامر جمال اور محمد ذیشان کی جگہ حسیب اللہ ،پال والٹر اور نوین الحق کو شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملتان سلطانز آج اپنا چوتھا جبکہ پشاور زلمی تیسرا میچ کھیل رہی ہے۔پشاور زلمی کو اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ملتان سلطانز تینوں میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے۔
پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 180 رنز کا ٹارگٹ دے دیا
09:31 PM, 23 Feb, 2024