اسلام آباد : اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف القادر ٹرسٹ کرپشن ریفرنس میں فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 27 فروری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
القادر کرپشن ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، عرفان بھولا، سہیل عارف اور دیگر کے علاوہ پی ٹی آئی کے وکلا سلمان صفدر،عثمان گل اور چودھری ظہیر عباس بھی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
دورانِ سماعت عمران خان روسٹرم پر آئے اور کہا کہ انھیں ڈینٹسٹ سے اپنا چیک اپ کروانا ہے، جس پر جج نے کہا کہ ان کے لیے جیل میں ڈاکٹرز موجود ہیں۔
کمرہ عدالت میں موجود جیل کے ایک اہلکار کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سات مہینے ہوگئے لیکن ایک مرتبہ بھی وہ ڈاکٹر کے پاس نہیں گئے، کہیں جیل کا ڈاکٹر ان کے دانت ہی نہ نکال دے۔جج نے عمران خان کو کہا کہ وہ درخواست جمع کروا دیں، عدالت مناسب وقت پر حکم سنا دے گی۔
دوران سماعت وکلا صفائی نے ریکارڈ نامکمل ہونے کی نشاندہی کی جس پرعدالت نے دوبارہ ریکارڈ کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کردیں۔