اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو لکھے گئے خط پر غیر آئینی کاموں سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا صدر مملکت کا الیکشن کمیشن کو خط غیر آئینی ہے، صدر غیر آئینی کام کرنے سے باز رہیں، الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ ہے اور اس کا جو بھی فیصلہ ہو گا حکومت عملدرآمد کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی برائے نام جیل بھرو تحریک ناکام ہو چکی ہے، عوام تحریک انصاف کے یوٹرنز کو جان چکے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے صدر کی مشاورت کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔
بعد ازاں صدر مملکت عارف علوی نے خود ہی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ دیدی تھی تاہم وفاقی وزراءکی جانب سے صدر کے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس حکم کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔