لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاری دینے والے رہنماؤں اور کارکنان سے دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں بھی لوگ بڑی تعداد میں جیل بھرو تحریک کیلئے نکلے، جیل بھرو تحریک احتجاج کرنے کا پر امن طریقہ ہے مگر حکومت جس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاری دینے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، کسی کو لیہ تو کسی کو ڈیرہ غازی خان جیل منتقل کر دیا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل بھیجا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر حکومت یہ سب کر کے لوگوں کو خوفزدہ کرنا چاہتی ہے تو وہ اس زعم سے باہر نکلے کیونکہ پاکستان کے موجودہ حالات پر قوم سڑکوں پر نکلنے کیلئے تیار ہے، اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نہ ہو تو ملک کا سری لنکا جیسا حال ہوجائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت کا واحد کام الیکشن کا انعقاد ہے مگر پنجاب کی نگراں حکومت انتخابات کے علاوہ باقی سارے کام کر رہی ہے، ملکی تاریخ میں کبھی ایسی جانبدار نگراں حکومت نہیں آئی جس نے آتے ہی مجھ پر حملہ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو تبدیل کیا۔