ایم ڈی سوئی ناردرن نے عہدے سے ہٹانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

06:34 PM, 23 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: سوئی ناردرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) علی جاوید حمدانی نے عہدے سے ہٹانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جسٹس مزمل اختر شبیر نے علی جاوید حمدانی کی درخواست پر سماعت کی اور وفاقی حکومت سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی سماعت پر 7 مارچ کو فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔ 
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ دسمبر 2020 میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کا ایم ڈی تعینات کیا گیا اور قانون کے مطابق وفاقی کابینہ نے 3 سال کیلئے ایم ڈی کے عہدے پر تعینات کیا۔ 
درخواست کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 18 فروری کو چھٹی کے دن اجلاس بلا کر درخواست گزار کو ہٹایا حالانکہ صرف وفاقی کابینہ ہی درخواست گزار کو عہدے سے ہٹاسکتی ہے۔ 
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بورڈ نے خلاف قانون درخواست گزار کو ایم ڈی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ 

مزیدخبریں