مالی مشکلات کے باوجود نوجوان طبقے کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں: وزیراعظم

04:48 PM, 23 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے اس لئے مالی مشکلات کے باوجود ملک کے نوجوان طبقے کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں، امید ہے نوجوان فراہم کردہ قرضوں سے ملکی ترقی میں کردارادا کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فری لانسر کارڈ کا افتتاح کر دیا ہے اور وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو دیئے گئے قرضے 2013 یوتھ لون پروگرام کا تسلسل ہے، یوتھ لون سکیم کے تحت نوجوانوں کو قرضے دیئے گئے ہیں، نوازشریف نے پورے ملک کیلئے سکیم کا اجرا کیا تھا جس کے تحت اربوں روپے کے قرضے دیئے گئے، جس سے نوجوانوں کو فائدہ ہوا۔ 
انہوں نے کہا کہ اس سکیم کو سب سے پہلے صوبہ پنجاب سے شروع کیا گیا تھا اور اب ملک بھر کے نوجوان طبقے کو کاروباری مواقعوں کیلئے قرضے دیئے جا رہے ہیں، 75 لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کمانے کیلئے گاڑیاں تقسیم کی گئی تھیں، نوجوانوں کیلئے گزشتہ قرض سکیموں کی ریکوری 99 فیصد رہی تھی، نوجوانوں کو مواقع فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے اور یوتھ لون سکیم کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غلط بات پھیلی ہوئی تھی کہ بینک قرضے دیں گے تو شاید ریکوری نہ ہو، کسانوں، نوجوانوں کے قرضوں کی سکیم شروع ہوئی تو 99 فیصد ریکوری ہوئی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ قوم کے بیٹے اوربیٹیاں ایمانداری سے قرضے لے کر کام کرتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کئی 100 ارب کے قرضے معاف ہوچکے ہیں، اس پروگرام کو مکمل طور پر کامیاب بنائیں کیونکہ یہ پاکستان کی کامیابی ہے اور پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری کر کے اور فنڈز حاصل کر کے نوجوان نسل کے قدموں میں نچھاور کریں گے، امید ہے نوجوان فراہم کردہ قرضوں سے ملکی ترقی میں کردارادا کریں گے اور اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو قرض کی تعداد کو مزید بڑھائیں گے، مالی مشکلات کے باوجود ملک کے نوجوان طبقے کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں، یوتھ لون سکیم میں معاونت پر اخوت فاو¿نڈیشن اور دیگر شراکت داروں کے ممنون ہیں، کفایت شعاری مہم کے تحت 200ارب روپے کی سالانہ بچت ہو گی۔

مزیدخبریں