مجھے والد سے خطرہ ہے، سردار عبدالرحمان کھیتران مجھے مروا دے گا:بیٹے انعام شاہ کھیتران کا الزام

03:26 PM, 23 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور:  بلوچستان کے صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران  کے بیٹے انعام  شاہ کھیتران  نےالزام لگایا ہے  کہ انہیں  اپنے والد کی طرف سے  جان کا  خطرہ ہے ۔ 

  نیو نیوز کے پروگرام "نیو پاکستان" میں بات کرتے ہوے  انعام  شاہ  کا  کہنا تھا کہ بلوچستان میں حق اور سچ کی آواز  بلند کرنے والا زیادہ عرصہ زندہ نہیں رہ سکتا اسکو قتل کردیا جاتا ہے ،اور ان کو اس بات کا یقین  ہے کہ ان کے والد کی جانب سے  ان کو بھی قتل کرنے کی ایک ہزار فیصد کوشش کی جائے گی ۔ 

انعام شاہ کا مزید کہنا تھا کہ   لاشوں کے معاملے کو الجھانے کی کوشش کی جارہی ہے ،  تین میں سے دو  لاشیں نوجوا نوں کی ہیں  جن میں سے  ایک کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان جبکہ دوسرے کی عمر   21 سے 22 سال کے درمیان  ہے  اور دونوں  خان محمد مری کے بیٹے  ہیں ۔ انعام شاہ کا کہنا تھا کہ تیسری لاش ایک خاتون کی ہے جس سے متعلق ا ن کے پاس   70 سے 80 فیصد معلومات   موجود ہے ، جس میں تصاویر اور ویڈیو اور شامل ہیں، اور وہ آج دوپہر  3 بجے سے پہلے تمام حقائق عوام کے سامنے لے آئیں گے ،اس کے علاوہ وہ عوام کو یہ بھی بتائیں گے کہ لڑکی کون تھی اور کس وجہ سے آئی تھی ۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ  عبد الرحمن کھیتران کو اپنا سردار مانتے ہیں، ان کے ہاں  سردار سلیکٹڈ نہیں ہوتا بلکہ عوام اسے باقائدہ طور پر منتخب کرتی ہے اور اس کیلئے ضروری نہیں کہ وہ سردار کے بیٹوں میں سے ہی ہو وہ خاندان کا کوئی بھی فرد ہو سکتا ہے ۔ 

یاد رہے کہ سردار عبدالرحمان کھیتران بارکھان میں 3 افراد کے قتل کے الزام میں بلوچستان پولیس کی حراست میں  ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ بارکھان میں نامعلوم افراد کے خلاف 302، 201،34 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں