لاہور:آصف زرداری ،شہباز شریف کے بعد مولانا فضل الرحمن کی چوہدری برادران سے ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ،چوہدری برادران نے مولانا سے دو دن کا وقت مانگ لیا ۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن کو چوہدری برادران نے دو دن کا وقت دیا ہے جس کے بعد یہ بات واضح ہو جائے گی کہ آیا اپوزیشن کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ،اس وقت پاکستان کی سیاست میں تحریک عدم اعتماد کا شور شرابا ہے ،اپوزیشن اتحاد اس کوشش میںہے کہ کسی طرح نمبر گیمز کو پورا کیا جا سکے ۔
اس نمبر گیم کے سلسلے میں ہی آج ایک خبر نیو نیوز نے بھی بریک کی تھی جس میں پاکستان مسلم لیگ ق کی طرف سے کہا گیا کہ 11 کے قریب ارکان قومی اسمبلی ان سے رابطے میں ہیں ،اب یہ اپوزیشن اراکان کون سے ہیں یہ کہنا قبل از وقت ہے ۔
مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد چوہدری برادران نے حتمی فیصلے کیلئے مزید دو دن کا وقت مانگ لیا ہے ،چوہدری برادران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آصف علی زرداری سے ملاقات میں فیصلوں کو حتمی شکل دیں گے ،چوہدری برادران کا کہنا ہے گیارہ اراکین قومی اسمبلی سے رابطہ ہے ان کو بھی اعتماد میں لیں گے ،پارٹی کی بھی ایک دو روز میں مشاورت کرکے حتمی لائحہ عمل دیں گے ۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمن نے بھی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن قیادت نے جو معاملات طے کیے ہیں ان وعدوں پر عمل کیا جائے گا ۔