اسلام آباد یونائیٹڈ کے مداحوں کیلئے خوشخبری، ایلکس ہیلز واپس آ گئے

07:23 PM, 23 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساتویں سیزن کے بقیہ میچز کیلئے ایک بار پھر ایلکس ہیلز کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل میں سخت بائیو سیکیور ببل کے باعث ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے والے ایلکس ہیلز کی خدمات دوبارہ حاصل کر لی گئی ہیں جو پشاور زلمی کیخلاف دوسرے ایلی منیٹر میچ کیلئے ایک بار پھر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ ایلکس ہیلز کا بگ بیش لیگ(بی بی ایل) کے دوران کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اس لئے انہیں قرنطینہ اختیار کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قوانین کے مطابق 28 روز کے دوران کورونا کا شکار ہو کر قرنطینہ اختیار کرنے والے کھلاڑیوں کو دوبارہ سے قرنطینہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان نے بتایا کہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے اختتامی دنوں میں ایلکس ہیلز کا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے اس لئے وہ پاکستان پہنچنے پر قرنطینہ اختیار نہیں کریں گے اور ٹیم سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان پہلا ایلیمینٹر میچ جمعرات کی شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا جس میں کامیاب ہونے والی ٹیم 25 فروری کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کوالیفائر میچ میں شکست کھانے والی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ 

مزیدخبریں