لاہور :ممتاز استاد ،دانش ور اور کالم نویس پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔
ڈاکٹر مہدی حسن کی کی عمر 85 سال تھی،وہ ایک پاکستانی بائیں بازو کے صحافی، میڈیا مورخ، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی میں صحافت اور ابلاغ عامہ کے ڈین اور پنجاب یونیورسٹی میں ماس کمیونیکیشن کے پروفیسر تھے۔ ان کا تدریسی کیریئر 50 سال پر محیط تھا۔
ڈاکٹر مہدی حسن 27 جون 1937 میں پانی پت میں پیدا ہوئے،تعلیم کا آغاز وہیں سے ہوا تاہم پہلی چار جماعتیں پانی پت میں ہی پڑھیں۔ پھر وہ 9 سال کی عمر میں 16 نومبر 1947 کو والدین کے ہمراہ پاکستان ہجرت کر آئے۔ یہاں آ کر مزید تعلیم مکمل کی۔ زمانہِ طالب علمی میں اسکاؤٹنگ، فوٹو گرافی اور کرکٹ کا بہت شوق تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن کو نوجوانی میں ادب سے شغف تھا، کالج میں ماؤنٹیننگ اور ہائیکنگ کلب کے سیکرٹری بھی رہے۔ زمانہ طالب علمی سے ہی صحافت کا شوق تھا، لہذا پی،پی،اے ( موجودہ اے پی پی )کے لیے بطور خبر رساں انہوں نے منٹگمری موجودہ ساہیوال میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کیا اور بعدمیں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی، ان کے پسماندگان میں اہلیہ رخشندہ حسن، بیٹے، نواسے، بھائی، بھانجی، بھانجے اور ہزاروں طلباء شامل ہیں۔