اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کو پیکا ترمیمی آرڈیننس کے تحت گرفتاریوں سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے گزشتہ روز ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد کیلئے قواعد و ضوابط بنانے پر کام جاری ہے جن کے تیار ہونے تک کسی کو گرفتار نہ کیا جائے، یہ ہدایات آج ڈی جی ایف آئی اے تک پہنچا دی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد کیلئے قواعد و ضوابط بنانے پر کام جاری ہے، ان قواعد و ضوابط کے تیار ہونے تک کسی کو گرفتار نہ کیا جائے کیونکہ پیکا آرڈیننس پر عملدرآمد سے متعلق تمام تفصیلات ان قواعد و ضوابط میں ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیکا ترمیمی آرڈیننس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کیلئے نوٹس جاری کیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ عوامی نمائندے کیلئے تو ہتک عزت قانون ہونا ہی نہیں چاہئے، ایف آئی اے پہلے ہی ایس او پیز جمع کرا چکی ہے جن کے مطابق سیکشن 20 کے تحت کسی شکایت پر گرفتاری عمل میں نہ لائی جائے۔