این سی او سی نے مسافروں کیلئے کورونا ویکسین پالیسی میں نرمی کر دی

این سی او سی نے مسافروں کیلئے کورونا ویکسین پالیسی میں نرمی کر دی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مسافروں کیلئے کورونا ویکسین پالیسی نرم کرتے ہوئے ویکسین شدہ افراد کیلئے بورڈنگ سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے ملک میں آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ویکسین پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کے مطابق ویکسین شدہ افراد کیلئے بورڈنگ سے چند گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے تاہم 12 سال سے زائد غیر ویکسین شدہ افراد کو 72 گھنٹے قبل پری بورڈنگ منفی پی سی آرکی ضرورت ہو گی۔ 
این سی او سی کی جانب سے جاری کی گئی نئی ہدایات پر عملدرآمد کا آغاز کل (جمعرات) سے ہو گا جن کے مطابق ملک آنے والے تمام مسافروں کیلئے مکمل ویکسی نیشن لازمی ہو گی تاہم 12 سال سے کم عمر کے مسافر لازمی ویکسی نیشن کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔ 
اسی طرح 12 سے 18 سال کی عمر کے مسافروں کو 31 مارچ 2022 تک لازمی ویکسی نیشن کے بغیر سفر کرنے کی اجازت ہے جبکہ بارڈر ٹرمینلز پر غیر ویکسین شدہ پیدل چلنے والوں کی آمد پر آر اے ٹیسٹ مثبت آنے والوں کو 10 دن کیلئے اپنے گھروں میں ہی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ 
این سی او سی کی جانب سے جاری کئے گئے نئے ہیلتھ ٹیسٹنگ پروٹوکولز کے مطابق پری بورڈنگ منفی پی سی آر کو مکمل طور پر ویکسین شدہ مسافروں کیلئے ختم کر دیا گیا ہے لیکن 12 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو اگر ویکسین نہیں لگائی گئی تو ان کو 72 گھنٹے قبل پری بورڈنگ منفی پی سی آرکی ضرورت ہوگی۔

مصنف کے بارے میں