اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر توقعات سے بڑھ کر رسپانس مل رہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیرمیں بدعنوانی ثابت نہیں ہوئی، نیب اب تک ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا اور حکومت ہماری کردار کشی کررہی ہے ۔ لیگی رہنما نے وزیر اعظم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کو چیلنج کرتا ہوں کہ 32 پیسے کی کرپشن ثابت کر کے دکھائیں، عمران خان کی اپنی کروڑوں کی فارن فنڈنگ میں کرپشن سب کے سامنے ہے، اپنے غیر ملکی تحائف کی تفصیلات بتانے سے بھی قاصر ہیں اور دوسروں کو چور ڈاکو کہہ رہے ہیں۔
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ ہماری توقعات سے بڑھ کر تحریک عدم اعتماد پر رسپانس سامنے آیا ہے۔