سابق صدر آصف زرداری نے چوہدری برادران کو عشائیہ پر مدعو کر لیا

09:37 AM, 23 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری نے چوہدری برادران کو عشائیہ پر مدعو کر لیا۔ زرداری اور پرویز الٰہی کی آج بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مونس الٰہی، طارق بشیر چیمہ، سالک حسین، حسین الٰہی شریک ہوں گے، زرداری سے ق لیگ کی قیادت کی پہلے ایک ملاقات ہوچکی ہے۔

آصف زرداری نے چوہدری برادران سے عدم اعتماد کی تحریک میں تعاون مانگا تھا جبکہ ق لیگ نے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی پارٹی مشاورت کی تھی ۔

ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی مشاورتی اجلاس میں پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار چوہدری پرویز الٰہی کو دیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بلاول ہاؤس میں آصف زرداری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں کے قائدین کے درمیان کل ملاقات ہو گی۔ ملاقات میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہو گی۔

ملاقات کے متعلق جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رہنماؤں کے درمیان تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی اور فیصلہ کن اقدام پر اہم مشاورت کی گئی۔

واضح رہے کہ ملاقات کے اختتام پر جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں نے میڈیا سے کوئی بات چیت نہیں کی۔

مشترکہ اعلامیے کے تحت آصف زرداری، شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے مابین بدھ کو مشترکہ ملاقات کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قائدین نے اتفاق کیا ہے کہ عوام کی خواہشات پوری کرنے کے لیے تندہی سے کام کریں گے اور جلد نتیجہ دیں گے۔

مزیدخبریں