دوستو،ملائیشیا کی خاتون وزیرنے شوہروں کو نافرمان بیویوں کی پٹائی کرنے کا مشورہ دے دیا۔ملائیشیا کی وزیربرائے سماجی اورخانگی امورسیتی زیلا محمد یوسف نے سوشل میڈیا پرجاری کئے گئے بیان میں شوہروں کوبات نہ ماننے والی بیویوں کی پٹائی لگانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت سے نہ ماننے والی بیویوں کی پٹائی لگائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگربیویاں سمجھانے پربھی بات مانیں اوراپنا رویہ تبدیل نہ کریں تو پہلے3 روز کے لئے انہیں چھوڑ دیں اوراگربیوی پھربھی ضد سے باز نہ آئے توشوہراس پرہاتھ اٹھا سکتا ہے۔باباجی فرماتے ہیں۔۔بیوی کی مثال گھر میں شمع کی طرح ہے جو گھر روشن رکھتی ہے،اگر یہ شمع چار ہوں توسوچو کتنی زیادہ روشنی ہوگی؟؟دلہا نے گھونگٹ اُٹھایا تو دلہن کی خوبصورتی دیکھ کر خوش ہوا اور بولا۔۔میں دادی کے پیر دباتا تھا تو وہ کہتی تھیں۔ میرے بیٹے کو تو کوئی حور ملے گی۔دلہن فیصل آبادی تھی برجستہ بولی۔۔جی ہاں اثر تاں بہوں ہوندائے بزرگاں دیاں گلاں چ۔ میں نانی نوں تنگ کردی سی تے اوہ آہدی ہائی۔ جا تینوں کتے کھڑن۔۔
لومیرج اور ارینج میرج میں صرف اتنا ہی فرق ہے کہ ارینج میرج میں گھروالے بندے کو کنویں میں دھکا دیتے ہیں اور لومیرج میں بندہ خود ہی کنویں میں چھلانگ لگادیتا ہے۔۔۔ ہمارے پیارے دوست کا کہنا ہے کہ ، ظالم بیوی کا شوہر مظلوم جب کہ مظلوم بیوی کا شوہر ظالم ہوتا ہے۔۔لیکن ہمارا کہنا ہے کہ شوہر چاہے کسی بھی رنگ و نسل کا ہو، کسی بھی ذات کا ہو بیچارہ مظلوم ہی ہوتا ہے، جس طرح سیاست دانوں کا پتہ نہیں ہوتا کہ وہ کس وقت کہاں پائے جاتے ہیں اسی طرح شوہروں کے متعلق بھی نہیں کہاجاسکتا کہ وہ کس وقت کدھر ہوں گے، لیکن بیوہ عورتوں کو سوفیصد یقین ہوتا ہے کہ ان کے شوہر اس وقت کہاں ہوں گے۔۔ہمارے محترم دوست ’’علیل جبران‘‘ کہتے ہیں کہ ۔۔۔بیوی خوبصورت ہو تو نظر نہیں ہٹتی اور بدصورت ہو تو نظر نہیں لگتی۔ از روئے مذہب ہر بیوی کا ایک شوہر اور ہر شوہر کی کئی بیویاں ہوسکتی ہیں۔ محبوبہ کو بیوی بنانا آسان ہے صرف ایک نکاح خواں، چند گواہ اور چوہارے کی ضروت ہوتی ہے۔ مگر بیوی کو محبوبہ کو بنائے رکھنے کے لیے پوری تنخواہ، پورا دل، پوری آنکھیں، پورا بیڈ روم اور پوری صاف ستھری نیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک بیوی شوہر کا دل اور گھر آنگن صاف رکھتی ہے۔ وہ بیوی کم، ہدایت اور نیکی کا فرشتہ زیادہ ہوتی ہے۔۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ۔۔بیوی نئی ہو تو کہیں اور دل نہیں لگتا اور پرانی ہوجائے تو بیوی میں دل نہیں لگتا۔ بیوی شروع شروع میں آپ کے تمام کام کرتی ہے بعدازاں کام تمام کرتی ہے۔۔
ایک شخص گھر آیا تو اس کی بے حد حسین بیوی نے شکوہ کیا۔۔ہمارے غسل خانے کے پاس جو درخت ہے اسے کٹوا دو ، میری غیرت گوارا نہیں کرتی کہ جب غسل کررہی ہوں تو پرندوں کی نظر مجھ پر پڑے۔وہ بیوی کی اس بات سے بہت متاثر ہوا اور درخت کٹوا دیا۔وقت گزرتا رہا۔۔ایک دن وہ خلافِ معمول اچانک گھر آیا تو دیکھا بیوی کسی مرد کے ساتھ رنگ رلیاں منا رہی تھی۔۔ اسے بہت دْکھ ہوا۔ وہ اپنا گھربار چھوڑ کر بغداد چلا گیا۔ اور وہاں اپنا کاروبار شروع کرلیا۔اللہ نے کاروبار میں خوب برکت دی ، اور اپنے روز افزوں کاروبار کی بدولت وہ بغداد کے عمائدین میں شمار ہونے لگا۔ یہاں تک کہ بغداد کے کوتوال تک رسائی بھی حاصل کرلی۔ایک دن کوتوال کے گھرچوری ہوگئی۔پولیس نے مجرم کا سراغ لگانے اور پکڑنے کی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہی۔اس نے دیکھا کہ ایک شیخ کا کوتوال کے گھر آنا جانا ہے ، اور کوتوال ان کی بے حد تعظیم کرتا ہے۔لیکن ایک بات اس کی سمجھ میں نہیں آتی تھی کہ شیخ آدھے پاؤں پر چلتے ہیں ، پورا پاؤں زمین پر کیوں نہیں رکھتے۔اس نے کسی سے وجہ پوچھی تو اسے بتایا گیا۔۔یہ پورا پاؤں زمین پر اس لیے نہیں رکھتے کہ کہیں کیڑے مکوڑے نہ کْچلے جائیں۔۔ وہ شخص فوراً کوتوال کے پاس گیا اور اسے کہا۔۔ جان کی امان ہو تو عرض ہے ، آپ کی چوری اِسی شیخ نے کی ہے۔۔جب تحقیق کی گئی تو مال مَسرْوقہ اْسی شیخ سے برآمد ہوا۔ کوتوال نے حیرانی سے کہا،ہم نے تو کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ شیخ بھی ایسا کرسکتے ہیں۔ تمہیں کیسے معلوم ہوا؟اس نے کہا۔میرے گھر میں ایک درخت تھا ، جس نے مجھے نصیحت کی تھی۔۔جو لوگ ضرورت سے زیادہ نیک نظرآنے کی کوشش کرتے ہیں ، وہ عموماً نیک نہیں ہوتے۔
شادی کے بعد دنیا کی ساری خواتین ہی اچانک خوب صورت نظر آنے لگتی ہیں۔۔ اگر آپ نے شادی نہیں کی تو ابھی آپ کو اندازہ نہیں ہوگا، لیکن جیسے ہی آپ قبول ہے،قبول ہے،قبول ہے کی تین بار گردان کریں گے اچانک ہی آپ کے دماغ اور دل میں نجانے کون سا ایسا وائرس سرایت کرجائے گا کہ آپ کو نکاح نامے پر دستخط کے بعد شادی ہال میں موجود نہ صرف اپنی بیوی زہر لگنے لگے گی بلکہ تمام لڑکیاں مس یونیورس اور مس ورلڈ لگیں گی۔۔یہ بات ہم پوری ذمہ داری سے کہہ رہے ہیں جس کسی کوبھی شک ہے وہ فوری طور پر شادی کے عمل سے گزرے پھر ہماری بات کو پرکھ لے۔کچھ عرصہ پہلے ہم نے آپ کو ایک ریسرچ رپورٹ سے متعلق آگاہ کیاتھا کہ ۔۔اسپین میں ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ جوحضرات ’’خوب صورت‘‘خواتین سے شادی کرتے ہیں ان کی زندگی کم ہوجاتی ہے اور وہ جلدی موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔۔۔ تحقیق کے مطابق جن افراد کی بیویاں زیادہ خوبصورت ہوتی ہیں ان کی زندگی لمبی نہیں ہوتی۔۔ اسپین کی ویلینسیا یونیورسٹی میں کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب بھی آدمی کسی خوبصورت خاتون سے ملاقات کرتا ہے تو اس کے جسم میں موجود ہارمون ’کورٹیسول‘ کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث بلڈ پریشر اور شوگر میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔تحقیق میں کہا گیا ہے کہ بیوی کی خوبصورتی شوہروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے جس کی وجہ سے مرد کئی قسم کے نفسیاتی اور جسمانی امراض کا شکار ہوجاتے ہیں۔۔۔
اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔ ہر بزرگ کی بات میں حکمت نہ ڈھونڈیں، اکثر احمق بھی بوڑھے ہوتے ہیں۔۔خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔۔