وزیراعظم کی آج روس کے 2 روزہ اہم دورے پر روانگی

08:14 AM, 23 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج  روس کے 2 روزہ اہم دورے  پر روانہ ہونگے،کل روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، اسد عمر، عبدالرزاق داؤد، معید یوسف اور عامر کیانی وزیر اعظم کے ہمراہ ہونگے۔

وزیراعظم عمران خان23 فروری کی شام روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچیں گے جہاں  روسی نائب وزیر خارجہ وزیراعظم کا استقبال کریں گے اور ماسکو میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان روس کے دو روزہ دورے کے دوران روسی صدر پیوٹن سے اہم ملاقات کریں گے جس میں خطے کی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور انرجی سیکٹر میں تعاون کے معاملات پر بات چیت  ہو گی۔

 علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے روس کے مفتی اعظم کی ملاقات بھی دورے کے شیڈول  میں شامل ہے۔

وزیراعظم  ماسکو میں اسلامی سینٹر کا بھی دورہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان دو روزہ  دورہ روس مکمل کرنے کے بعد 24 فروری کی رات وطن واپسی کیلئے روانہ ہونگے۔

واضح رہے کہ  وزیراعظم نے دورہ روس سے قبل پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس بھی آج بنی گالا میں طلب کیا ہے جس میں  ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور وزیراعظم کے دورہ روس پر گفتگو کی جائے گی۔ اجلاس ختم ہوتے ہی وزیراعظم عمران خان روس روانہ ہو جائیں گے۔ 

مزیدخبریں