اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر ملک کی مختلف سیاسی شخصیات نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
https://twitter.com/SyedNasirHShah/status/1496243248486100998?s=20&t=YsBSn26HixVfsZefLz6Gzw
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے رحمان ملک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے دوست ، بھائی ، ساتھی اور ایک بہترین رہنما سینیٹر رحمان ملک کے انتقال کی خبر سُن کر شدید صدمہ پہنچا ہے پروردگار ان کے درجات بلند کرے اور خاندان کے افراد کو صبر عطا کرے۔ ‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے رحمان ملک کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ ’سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کے انتقال پہ دلی صدمہ ہوا- اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے‘
https://twitter.com/hinaparvezbutt/status/1496261345511198721?s=20&t=tEEb8nv9MgbmcGTv5B2fbg
لیگی رہنما حنا پرویز بٹ نے بھی پیپلز پارٹی کے رہنما کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے لکھا کہ’پی پی پی رہنما سینیٹر رحمان ملک کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ اور افسوس ہوا۔اللہ انہیں جنت میں جگہ دے اور ان کے اہل و عیال کو صبر دے‘
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رحمان ملک کورونا وائرس کے باعث 70 برس کی عمر میں گزشتہ شب انتقال کر گئے ، وہ کئی روز سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج تھے۔
سینیٹر رحمان ملک12 دسمبر 1951 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ 25 مارچ 2008 سے 16 مارچ 2013 تک وزیر داخلہ رہے۔ سیاست میں آنے سے قبل ایف آئی اے میں خدمات انجام دیتے رہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے بے نظیر بھٹو کے چیف سکیورٹی آفیسر کے فرائض بھی نبھائے۔