واشنگٹن ،فیس بک کا آسٹریلیامیں نیوز ویب سائٹس کے پیجز بحال کرنےکا اعلان ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں فیس بک کے حکام کا کہنا ہےکہ آسٹریلوی حکومت کے ساتھ مجوزہ قانون میں ترامیم کے بعد معاہدہ ہوگیا ہے اور آسٹریلوی نیوز پیجز چند دنوں میں بحال کردیے جائیں گے۔
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ تاریخی قانون سازی کے نتیجے میں ہونے والے معاہدے کے تحت فیس بک اور گوگل مالی مشکلات کے باعث جدوجہد کرتے مقامی میڈیا کے شعبےکو لاکھوں ڈالر اداکریں گے۔
مجوزہ معاہدے سامنے آنے سے قبل فیس بک آسٹریلیا نے مقامی نیوز کمپنی سے کمرشل معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دیگر اداروں کے ساتھ بھی ایسے معاہدوں پر غور کررہا ہے۔
خیال رہےکہ آسٹریلوی حکومت نے گذشتہ دنوں مجوزہ قانون پیش کیا تھا جس کے تحت فیس بک کو نیوزپیجز سےحاصل ہونے والی آمدنی مقامی پبلشر کو بھی ادا کرنی تھی۔
فیس بک نے اس قانون پر اعتراض کرتے ہوئے نیوزپیجز بند کردیے تھے تاہم اب وہ مجوزہ قانون میں ترامیم کے بعد نیوز پیجز بحال کرنے کے ساتھ پبلشرز کو پیسے دینے پر بھی رضامند ہوگیا ہے۔فیس بک سے ہونے والے معاہدے پر آسٹریلیا کے نیوز پبلشنگ اداروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے