مسقط: عالمی وبا کے پیش نظر عمان نے پندرہ روز کیلئے پروازیں معطل کرنے کے ساتھ دس ممالک کے مسافروں پر پاپندی بھی عائد کر دی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عالمی وبا کے حوالے سے قائم عمان کی اعلیٰ کمیٹی نے سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل اور نائیجیریا کے مسافروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ تنزانیہ، گھانا، گنی، سیرالیون اور ایتھوپیا کے مسافروں کے لیے بھی عمان کے دروازے بند رہیں گے۔
پروازوں پر 15 روز کے لیے پابندی اور دو ہفتے کے لیے سفری پابندی کا اطلاق جمعرات سے ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق عمان کے شہریوں، سفارتکاروں، ہیلتھ ورکروں اور ان کی فیملیوں پر اس بین کا اطلاق نہیں ہو گا تاہم انہیں مقررہ کردہ صحت کے پروٹوکولز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
عمان کی حکومت نے اپنے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔
رپورٹ کے مطابق عمان میں وبا سے اب تک ایک لاکھ 39 ہزار 692 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ گزشتہ روز 26 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ عمان میں عالمی وبا کے باعث ایک ہزار 555 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔