اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاست، تجارت، معیشت، ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ ازبکستان میں پاکستان کے نامزد سفیر سید علی اسد گیلانی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے منگل کو ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیاست، تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے جبکہ دوطرفہ اہمیت کے معاملات، علاقائی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کرنا ہوگی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی دوروں ، پارلیمانی تبادلوں اور وزارتی رابطوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے ، ازبکستان میں پاکستانی تیار شدہ مصنوعات ،دوائیں اور خدمات کی برآمدات بڑھانے کیلئے کام کریں۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور ازبکستان کے ساتھ ثقافتی روابط کو تقویت دینے کے لئے کام کیا جائے، دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے پارلیمانی تبادلوں کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔