واشنگٹن ،امریکی ائیرفورس نے ایف 35 لڑاکا طیارے کی ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے۔
امریکن ائیرفورس کے چیف آف اسٹاف جنرل چارلس براؤن کا کہنا ہے کہ ایف 35 کو جن مقاصد کے لیے بنایا گیا تھا، وہ ان کے حصول میں ناکام رہا۔
امریکی میگزین فوربز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ائر فورس چیف نے کہا کہ یہ ایک مہنگا اور وزنی طیارہ ہے، جس کی مرمت پر بھی کثیر رقم خرچ ہوتی ہے۔
جنرل چارلس براون کا مزید کہنا تھا کہ امریکی ائیرفورس کو ہلکے اور سستے جدید لڑاکا طیاروں کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف 35 لڑاکا طیارہ فراری کار جیسا ہے جس پر ہم روز آفس نہیں جا سکتے، اسے صرف اتوار کے روز چلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایئر فورس کے پاس ایک ہزار کی تعداد میں ایف سولہ طیارے بھی موجود ہیں لیکن وہ کافی پرانے ہو چکے ہیں جن پر جدید سافٹ ویئر انسٹال نہیں کیا جا سکتا۔