کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے جیمز وینس اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو جیت کیلئے 194 رنز کا ہدف دیدیا ہے، جیمز وینس نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 84 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا مگر صرف 6 کے مجموعی سکور پر کرس لین محمد عرفان کی گیند پر حیدر علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ابتدائی نقصان کے بعد محمد رضوان اور جیمز وینس نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 82 رنز جوڑے اور مجموعی سکور 88 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر محمد رضوان محمد عمران کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
جیمز وینس نے پشاور زلمی کے کسی باؤلر کی ایک بھی نہ چلنے دی اور ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا اور صہیب مقصود کیساتھ مل کر تیسری وکٹ میں 71 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے مجموعی سکور 159 پر پہنچا دیا تاہم اس موقع پر صہیب مقصود 36 رنز بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل تھے۔ ملتان سلطانز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جیمز وینس تھے جنہوں نے جارحانہ اور عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 55 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے اور ثاقب محمود کی گیند پر محمد عرفان نے ان کا کیچ پکڑا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا تاہم ثاقب محمود نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کپتان وہاب ریاض سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 51 رنز دئیے مگر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ مجیب الرحمان نے 40 اور محمد عرفان نے 41 رنز دئیے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، شعیب ملک، ٹام کیڈمور کوہلر، شرفین ردرفورڈ، مجیب الرحمان، ثاقب محمود، محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، ریلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد خان آفریدی، کارلوس بریتھ ویٹ، سہیل تنویر، عثمان قادر اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔
(بشکریہ نئی بات )