نئی دہلی، بھارتی تاجر نے دنیا کا سب سے بڑا چڑیاگھر بنانے کا اعلان کردیا ۔
ایشیا کے دوسرے بڑے تاجر مکیش امبانی نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی بھارتی ریاست گجرات میں دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر بنائے گی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مکیش امبانی نے ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں 113 ہیکٹر یعنی 280 ایکڑ پر محیط دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں افریقی شیر ، بنگال کے شیر اور کوموڈو ڈریگن سمیت ہندوستان اور دنیا بھر سے جانوروں، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں کی 100 سے زائد اقسام ہوں گی۔
بھارت کے امیر ترین تاجر کا کہنا ہے کہ ’’گرین زولوجیکل ریسکیو اینڈ ری ہیبلیٹیشن کنگ ڈم‘‘ میں جانور محفوظ بھی رہیں گے اور یہاں بیمار یا معذور جانوروں کی بحالی کا کام بھی ہو گا۔ چڑیا گھر کے قیام اور انتظام کا کام ان کے 25 سالہ بیٹے اننت امبانی سنبھالیں گے۔
رواں برس جنوری میں مکیش امبانی کی کمپنی ’’ریلائنس انڈسٹریز‘‘ نے اپنے چڑیا گھر کے لیے اسرائیل کے دو جوڑے زیبرا کے بدلے گوہاٹی میں آسام اسٹیٹ چڑیا گھر سے دو نایاب سیاہ تیندوے معاہدہ کیا ہے۔
مکیش امبانی کے اس اعلان کے بعد ہی ان کے منصوبے کو تنقید کا سامنا ہے ۔