پی ایس ایل چھوڑ کر جانے پر افسوس ہے ، کرس گیل

پی ایس ایل چھوڑ کر جانے پر افسوس ہے ، کرس گیل
سورس: File photo

لاہور،گلیڈی ایٹرز کے ٹاپ بلے باز کرس گیل نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سکس ادھوری چھوڑنے پر افسوس ہے ۔ 

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کے کھلاڑی کرس گیل کا کہنا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ اپنی قومی ڈیوٹی کے لیے فی الحال وطن واپس جارہے ہیں لیکن وہ لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل  کے اگلے مرحلے میں اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرنے کے لیے دوبارہ واپس آئیں گے۔لاہور قلندرز کے خلاف اپنی کارکردگی پر کرس گیل نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں لیکن ٹیم کی شکست پر افسوس ہے ۔ٹیم ایسا اسٹارٹ ہرگز نہیں چاہتی تھی لیکن ابھی ٹورنامنٹ کا آغاز ہی ہے، بہت میچز ہیں، امید ہے گلیڈی ایٹرز ان دو میچز کی شکست کو فراموش کرکے بقیہ میچز میں مثبت انداز میں کھیلتے ہوئے کم بیک کرے گی۔  

انہوں نے کہا کہ  انہیں اپنی نیشنل ٹیم کو جوائن کرنا ہے لیکن ابھی اس لیگ میں بہت کرکٹ باقی ہے اور وہ لاہور کے مرحلے میں دوبارہ واپس آئیں گے۔

کرس گیل کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تو تھی کہ وہ پی ایس ایل کا کوئی میچ مس نہ کریں  اور  پوری لیگ کھیلیں، یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اس لیگ میں اپنا نام درج کرایا۔ 
انہوں نے کہا کہ  وہ 15 سال بعد پاکستان آئے اور ارادہ تھا کہ اپنی کارکردگی سے لیگ میں چھا جاتے اور عوام کو بھرپور تفریح فراہم کرتے۔ایک سوا ل پر کرس گیل نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ میں آگے جا کر فل ہاؤس کراؤڈ دیکھنے کو ملے کیوں کہ جب میدان میں ہر شخص کسی ایک کھلاڑی کا نام لے کر اس کی حوصلہ افزائی کر رہا ہوتا ہے تو بہت اچھا لگتا ہے، اس سے نہ صرف بولر اور بیٹسمین کے درمیان معرکے کا مزہ آتا ہے بلکہ میچ کا ماحول بھی خوب بنتا ہے۔

 کرس گیل نے کہا کہ لاہور قلندرز کے بولرز نے شروع میں بہت اچھی بولنگ کی اور گلیڈی ایٹرز کو تیز آغاز سے محتاط رکھا، بعد میں سرفراز احمد کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ لگی لیکن شاید گلیڈی ایٹرز کی ٹیم آخر میں 20 رنز کم بناپائی جس کی وجہ سے شکست ہوئی۔

خیال رہے کہ کرس گیل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی کنگز کے خلاف 39 اور لاہور قلندرز کے خلاف 68 رنز کی اننگز کھیلی تاہم دونوں میچز میں گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔