کانگو: افریق ملک کانگو میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملہ کرکے سفیر اٹلی، ایک پولیس افسر اور ڈرائیور کو قتل کرنے کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کا یہ قافلہ رتشورو شہر میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کیلئے جا رہا تھا کہ اچانک گھات لگائے مسلح افراد نے گاڑیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔
مسلح افراد نے جس شاہراہ پر اقوام متحدہ کے قافلے کو نشانہ بنایا، اس پر سیکیورٹی کے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے امن وامان کے حوالے سے اس کو کلیئر قرار دے رکھا تھا۔
اقوام متحدہ اور اٹلی کے حکام نے واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اس کے تمام پہلوؤں پر غور شروع کر دیا ہے۔
ادھر اٹلی کی جانب سے دہشتگردی کے اس واقعہ پر شدید دکھ اور غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے سفیر لوکا اتاناسیو 2017ء سے کانگو میں تعینات تھے۔ ان کے ہمراہ قافلے میں جانے والے ان کے ڈرائیور اور ایک پولیس افسر کو بھی گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔
دہشتگرد واقعہ کی فوری اطلاع ملتے کی سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹییموں نے زخمی افراد کو موقع پر طبی امداد دے کر ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال پہنچایا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
کانگو کے مقامی میڈیا کے مطابق دہشتگردوں نے قافلے میں موجود گاڑیوں کو یرغمال بنایا، ان کا رخ جھاڑیوں کی طرف موڑا اور وہاں لے جا کر اس میں موجود لوگوں کو گولیاں مار دیں۔