ڈسکہ ضمنی الیکشن: پی ٹی آئی امیدوار دوبارہ ری پولنگ کی درخواست کرے، وزیراعظم کی ہدایت

08:10 AM, 23 Feb, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں دھاندلی کے الزامات کے بعد اپنے امیدوار علی اسجد ملہی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعتراض والے پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کروانے کی درخواست کریں۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یہ ہدایت گزشتہ رات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک پیغام کے ذریعے دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ واضح کیا کہ میں نے ہمیشہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے جدوجہد کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کے اعلان سے قبل اس کی کوئی قانونی حاجت نہیں، مگر پھر بھی میں تحریک انصاف کے امیدوار سے گزارش کروں گا کہ وہ NA-75 ڈسکہ کے ان 20 پولنگ سٹیشنز جن پر حزب اختلاف واویلا کر رہی ہے، میں دوبارہ پولنگ کا کہیں۔

عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ایسا اس لئے کہ ہم وہی شفافیت چاہتے ہیں جس کے حصول کیلئے ہم سینٹ انتخابات میں "اوپن بیلٹ" کا تقاضا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل کی تقویت کیلئے کوشاں رہیں گے، مگر بدقسمتی سے دیگر جماعتوں میں اس حوالے سے سنجیدگی کا فقدان ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد جب ہم نے 4 حلقے کھلوانا چاہے تو اس کیلئے ہمیں 2 برس کی طویل اور صبر آزما جدوجہد سے گزرنا پڑا۔

مزیدخبریں