ممبئی: بالی ووڈ کے ور اسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’’ٹائیگرزندہ ہے‘‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی کا شمار ان چند اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بالی ووڈ کے حکمران خانز کے ساتھ فلموں میں کام کیا ہے لیکن اب نواز الدین کے سلو میاں کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے متعلق فیصلے نے سب کو حیران کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی کو سلمان خان کی نئی آنے والی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ میں اہم کردار کی پیش کش کی گئی تھی جس پر انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ انہوں نے اپنی فلمی مصروفیات کو قرار دیا ہے۔
نواز الدین کے انکار کے باوجود ہدایتکارعلی عباس ظفر ان کے لیے فلم کا شیڈول بھی تبدیل کرنےکو تیار ہیں لیکن اداکار کسی صورت فلم میں کام کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز الدین صدیقی کے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے سے انکار پرپوری فلم نگری حیران ہے جس کے بعد دونوں اداکاروں کے درمیان تعلقات میں سرد مہری کی خبریں بھی زیر گردش ہیں۔
نواز الدین صدیقی نے سلمان خان کے ساتھ 2 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں ’’کک‘‘ اور ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ شامل ہیں۔