انقرہ: پاک ترک وزرائے اعظم نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ترکی کی حمایت کرتے ہیں۔ بغاوت کو ناکام کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا یقین ہے ترکی امن، خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا دہشت گرد ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ترکی کی عوام کی جانب سے کشمیر کے تنازع پر حمایت کے شکر گزار ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان اور ترکی کی سٹرٹیجک تعاون کونسل کا اجلاس انقرہ میں ہوا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔ فریقین نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
مرکزی اجلاس سے پہلے کونسل کے تحت کام کرنے والے چھ مشترکہ ورکنگ گروپوں کا اجلاس ہوا اور ان میں ہونے والی بات چیت اور نتائج پر مبنی رپور ٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔ یہ ورکنگ گروپ تجارت و سرمایہ کاری، توانائی ، خزانہ و بنکاری، ٹرانسپورٹ اور مواصلات ، ثقافت وسیاحت اور تعلیم سے متعلق ہیں۔
ورکنگ گروپوں کی رپورٹوں کی بنیاد پر کونسل کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کا اعلان مشترکہ اعلامیہ میں کیا جائے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں