ترکی: خواتین فوجیوں پر سکارف لینے کی پابندی ختم

08:38 AM, 23 Feb, 2017

ترکی کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے خواتین فوجی افسران کے دوران ڈیوٹی اسکارف پہننے پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے جس کے بعد خواتین فوجی افسران اب دوران ڈیوٹی بھی اسکارف پہن سکیں گی۔ فیصلے کا اطلاق جنرل اسٹاف، کمانڈ ہیڈ کوارٹر اور اس کی شاخوں پر فرائض انجام دینے والی افسران پر ہو گا۔

اسکارف پہننے سے متعلق جاری فیصلے میں خواتین افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ یونیفارم کے رنگ سے ملتا جلتا اسکارف پہننے کی پابند ہوں گی تاہم انہیں چہرہ چھپانے کی اجازت نہیں ہو گی البتہ اسکارف پہننے کے بعد اس پر روایتی فوجی کیپ پہننا بھی لازم ہو گا۔

یاد رہے کہ ترک حکومت نے 2013 میں سرکاری تعلیمی اداروں میں خواتین کے اسکارف پہننے پر پابندی اٹھائی جس کے بعد گزشتہ سال اگست میں پہلی مرتبہ محکمہ پولیس میں خواتین کو اسکارف پہننے کی اجازت دی گئی اور اسے باقاعدہ طور پر وردی کا حصہ بنا لیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں