شام میں حکومتی تبدیلی کے بعد دمشق اور حلب ائیرپورٹس پر پروازوں کا آغاز

شام میں حکومتی تبدیلی کے بعد دمشق اور حلب ائیرپورٹس پر پروازوں کا آغاز

دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق کا انٹرنیشنل ائیرپورٹ اپوزیشن فورسز کے قبضے اور سابق صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار کے 16 دن بعد دوبارہ آپریشنل ہوگیا۔ تاہم، شیڈول فضائی آپریشن کی باقاعدہ بحالی کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، قطر ائیر کی خصوصی پرواز کیو آر 3250 نے پیر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے پہلی بین الاقوامی پرواز کے طور پر دمشق ائیرپورٹ پر لینڈ کی۔ اس کے علاوہ، ایک اندرون ملک پرواز آر بی 112 دمشق سے حلب کے لیے آپریٹ کی گئی، جس میں 32 مسافر حلب پہنچے۔

8 دسمبر 2024 کو اپوزیشن فورسز کے دمشق پر قبضے اور بشار الاسد کے فرار کے بعد ائیرپورٹ کو بند کر دیا گیا تھا، اور شام کی فضائی حدود بھی کشیدگی کے دوران بند کردی گئی تھیں۔ تاہم، 15 دسمبر 2024 کو نئی عبوری حکومت نے شام کی فضائی حدود کو دوبارہ پروازوں کے لیے کھول دیا تھا۔

شامی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شام کے دونوں بڑے ائیرپورٹس، دمشق اور حلب کے لیے شیڈول پروازوں کو جلد بحال کر دیا جائے گا۔