صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، مدارس رجسٹریشن بل اور دیگر امور زیر غور

06:27 PM, 23 Dec, 2024

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، مدارس رجسٹریشن بل اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہو رہی ہے۔


 اس ملاقات میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ، پنجاب میں پیپلزپارٹی کے مقامی مسائل اور دونوں جماعتوں کے تحفظات پر گفتگو ہوگی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا اجلاس کل گورنر ہاؤس میں ہوگا۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے گورنر پنجاب سلیم حیدر، راجا پرویز اشرف، اور دیگر رہنما شرکت کریں گے، جبکہ (ن) لیگ کی نمائندگی اسحٰق ڈار، رانا ثناء اللہ، اور مریم اورنگزیب کریں گی۔


چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکمران جماعت پر فیصلہ سازی میں اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ مسلم لیگ (ن) اپنے وعدے پورے نہیں کر رہی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسحٰق ڈار کو ہدایت کی ہے کہ بلاول بھٹو کے خدشات دور کیے جائیں۔


گزشتہ ماہ آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد بلاول بھٹو نے حکومت کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالتی کمیشن میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی مساوی نمائندگی کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔

یہ مذاکرات دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنے اور متنازع امور کے حل کے لیے اہم ہیں۔
 

مزیدخبریں