اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں انتشار اور منفی سرگرمیوں کا حصہ نہ بنیں اور اپنی توانائیاں قومی ترقی کے لیے استعمال کریں۔
فاسٹ اسلام آباد میں ہونہار سکالرشپس پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں مریم نواز نے کہا، "اسکالرشپس دینے کے بدلے میں میں شکریہ کی توقع نہیں رکھتی، میری صرف ایک درخواست ہے کہ طلبہ انتشار کا حصہ نہ بنیں اور مثبت راستے پر چلیں۔"
مریم نواز نے مزید کہا، "کوئی بھی ماں نہیں چاہتی کہ اس کا بچہ توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور گالم گلوچ میں ملوث ہو۔ نوجوانوں کو کوئی بھی ایسا شخص بھڑکاتا ہے جو ملک کے خلاف قدم اٹھانے کی ترغیب دیتا ہو، وہ ان کا ہمدرد نہیں ہو سکتا۔"
انہوں نے اپنے سیاسی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "انہیں صرف سیاسی مخالفت کے باعث کردار کشی کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وہ اپنے مخالفین کی مشکور ہیں جنہوں نے انہیں مضبوط بنایا اور مزید حوصلہ دیا۔"
وزیر اعلیٰ پنجاب نے خطاب میں نوجوانوں کو اپنے علم اور محنت کے ذریعے قوم کی خدمت کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ یہی وقت ہے جب ہمیں پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔