کیلیفورنیا:اگر آپ کا اینڈرائیڈ فون 10 سال سے پرانا ہے تو آپ کو اسے اپ گریڈ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کیونکہ یکم جنوری 2025 سے ان فونز پر واٹس ایپ کا استعمال ممکن نہیں ہوگا۔
میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ پرانے اینڈرائیڈ فونز کے لیے واٹس ایپ کی سپورٹ ختم کر دے گا، خاص طور پر وہ فونز جو اینڈرائیڈ کٹ کیٹ (ورژن 4.4) یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر چل رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یکم جنوری 2025 کے بعد ان فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق، جن فونز پر یہ تبدیلی اثر انداز ہوگی ان میں سام سنگ گلیکسی ایس 3، ایس نوٹ 2، گلیکسی ایس 4 منی، موٹرولا موٹو جی (پہلی جنریشن)، موٹو ای 2014، ایچ ٹی سی ون ایکس، ایل جی آپٹیمس جی، سونی ایکسپیریا زی اور دیگر شامل ہیں۔
واٹس ایپ کی نئی خصوصیات جیسے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) فیچرز اور جدید یوزر انٹرفیس کے لیے جدید آپریٹنگ سسٹمز کی ضرورت ہے، جس کے باعث میٹا نے پرانے سسٹمز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ جدید فیچرز کے لیے جدید ہارڈ ویئر کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر آپ ان پرانے فونز پر واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں، تو آپ کو اپنا ڈیٹا نئی ڈیوائس پر منتقل کرنا ہوگا، ورنہ یکم جنوری 2025 کے بعد آپ کی چیٹ ہسٹری اور میڈیا ضائع ہو جائے گی۔