لندن: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد اور ان کے ماسٹرمائنڈ کو سزا دی جائے گی، لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا ہونے کے باوجود 9 مئی جیسے حالات دوبارہ پیدا نہیں ہوں گے۔
لندن میں نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ حالات اور وقت کا دباؤ ہے کہ جو لوگ مذاکرات کے لیے تیار نہیں تھے، اب وہ بھی بات چیت کے لیے آمادہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب شہباز شریف اسمبلی میں آتے تھے تو بانی پی ٹی آئی ہمیشہ ان کے پیچھے بیٹھ جاتے تھے، اور اب مذاکرات میں خلوص کی تلاش کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 31 دسمبر تک پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سول نافرمانی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اور عوام اپنے بل معمول کے مطابق ادا کرتے رہیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد اور ان کے ماسٹرمائنڈ کو سزا ملے گی، تاہم عمران خان کو سزا ہونے کے باوجود 9 مئی جیسے حالات پیدا نہیں ہوں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ فوجی حکمرانوں کے دور میں اختلافات کے باوجود ادارے کی قربانیوں کو کبھی نظرانداز نہیں کیا گیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بارے میں کہا کہ اگر وہ اسلام آباد پر حملہ کرنے سے فارغ ہوں تو اپنے صوبے پر توجہ دیں، کیونکہ ان کی وفاداری صوبے کے ساتھ نہیں، بلکہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔