سٹیٹ بینک کا اہم فیصلہ ، ایکسچینج کمپنیز کو غیرملکی کرنسیوں کی قیمت کے یومیہ تعین کی ہدایات جاری

سٹیٹ بینک کا اہم فیصلہ ، ایکسچینج کمپنیز کو غیرملکی کرنسیوں کی قیمت کے یومیہ تعین کی ہدایات جاری

کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے  ایکسچینج کمپنیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا ہے۔  سٹیٹ بینک نے ایکسچینج کمپنیز کو غیرملکی کرنسیوں کی قیمت کے یومیہ تعین کی ہدایات جاری کی ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اوپن کرنسی مارکیٹ میں شرح تبادلہ کو شفاف بنانے کی غرض سے ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کو 26دسمبر سے نئے میکنزم کے تحت 6اہم غیرملکی کرنسیوں کی شرح تبادلہ کے تعین اور اجراء کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کو بھیجے گئے خط میں سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ وہ 6اہم غیرملکی کرنسیاں جن میں امریکی ڈالر ، یورو کرنسی ، برطانوی پاؤنڈ ، جاپانی ین ، اماراتی درہم اور سعودی ریال شامل ہیں کے اختتامی شرح مبادلہ کا تعین نامزد 12 مجاز ایکس چینج کمپنیاں یومیہ بنیادوں پر کریں گی، جو 75فیصد مارکیٹ شیئر کی حامل ہیں۔


خط میں کہا گیا ہے کہ ایکس چینج کمپنیاں ایسوسی ایشن کے توسط سے روزانہ شام ساڑھے 4بجے کرنسیوں کی خرید و فروخت کی شرحیں جمع کرانے کی پابند ہوں گی۔  اگر کوئی ایکس چینج کمپنی ایک ماہ میں پانچ کاروباری ایام میں ان اہم غیرملکی کرنسیوں کی شرح مبادلہ دینے میں ناکام ہوئیں تو انہیں ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے ذریعے اس ضمن میں وضاحت کرنی پڑے گی۔ 


ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے مرکزی بینک کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں من وعن عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مصنف کے بارے میں