لاہور : ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کی طرف سے عمران خان کو معصوم کہنے پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جناح ہاؤس ، جی ایچ کیو اور شہدا کی یادگاروں کو جلانے والا کیا معصوم ہے؟ پہلے لاڈلا کہہ کر اب معصوم کہہ کر اسے مسلط کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ کرنے والا معصوم ہے کیا؟ریاست پر حملہ کرنے والا معصوم کیسے ہے؟ 9مئی کو پورے ملک میں آگ لگانے والا معصوم ہے کیا؟تم جناح ہاؤس جلا دو اور معصوم بنتے ہو؟جو ججز اور الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے وہ معصوم کیسے ہے؟190ملین پاؤنڈ اسکینڈل والا معصوم ہے کیا؟
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خود فیصلہ دیا اس نے آئین توڑا تو پھر معصوم کیسے ہے؟پہلے لاڈلا اب معصوم کہہ کر مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اب سہولت کاری نہیں مل رہی تو لاڈلے کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ملک میں لوٹ مار اور کرپشن کاحساب تو دینا پڑے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تم ملک کیساتھ کھیل کھیلو , معیشت تباہ کردو , عوام کو بے روزگار کردو , روٹی ,چینی ,آٹا , بجلی , گیس مہنگا کردو ,تم معصوم ہو ؟ تم 190 ملین پاؤنڈ کا بند لفافہ کابینہ کے سامنے لہرا کر کھا جاؤ , تم معصوم ہو؟