کرسمس کے موقع پر مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لئے پنجاب پولیس کے انتظامات مکمل

کرسمس کے موقع پر مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لئے پنجاب پولیس کے انتظامات مکمل

لاہور: پنجاب پولیس نے  کرسمس کے موقع پر مسیحی عبادت گاہوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کے لئے پلان فائنل کر لیا۔صوبہ بھر کے 3286 گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے 26،557 افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔

مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے 2335 سی سی ٹی وی کیمرے، 3427 میٹل ڈٹیکٹرز اور سینکڑوں واک تھرو گیٹس استعمال ہونگے۔ خواتین مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار  بھی تعینات ہونگی۔

صوبائی دارالحکومت  لاہور میں 622 مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے 3422 افسران و اہلکار، 271 میٹل ڈٹیکٹرز اور 236 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال ہونگے ۔ 

پنجاب پولیس نے صوبے کے 3286 گرجا گھروں کو اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے ۔ اے کیٹیگری میں 154 ، بی کیٹیگری میں 414 ، سی کیٹیگری میں 2718 گرجا گھر شامل ہیں ۔  صوبہ بھر میں اے ، بی اور سی کیٹیگری کے 3501 مسیحی عباداتی پروگرامز منعقد ہونگے۔

آئی جی پنجاب  ڈاکٹر عثمان انور  نے  سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز ، ڈی پی اوز، ضلعی ٹریفک افسران کو کرسمس سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کا حکم دے دیا۔ مسیحی عبادت گاہوں کے ساتھ   پارکوں، تفریحی مقامات ، قونصلیٹ دفاتر سمیت تمام حساس تنصیبات کی سکیورٹی کا بھرپور خیال رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب  نے ہدایت کی کہ   سپروائزری افسران سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کیلئے خود فیلڈ میں نکلیں، کرسمس کے موقع پر صوبہ بھر میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ 

مصنف کے بارے میں