لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپرلیگ سیزن 8 کے میچز کوئٹہ میں بھی کرائے جائیں گے ۔
مینجمنٹ کمیٹی کی پہلی مینٹنگ کے بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی سربراہ نجم سیٹھی نے بتایا کہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے کوئٹہ میں بھرپور سکیورٹی کی یقین دہانی کرادی گئی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کل کیا جاسکتا ہے ، انہوں نے قومی ٹیم کیلئے تجربہ کار غیرملکی کوچز لانے کا عندیہ بھی دیا ، ان کا کہنا تھا کہ ایجنڈے میں بہت کچھ تھا جو مکمل نہیں ہوسکا ہفتے کو دوبارہ اجلاس ہوگا ۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ فی الحال سلیکشن کمیٹی سمیت تمام کمیٹیاں ختم کردی گئی ہیں ، ڈومیسٹک میں پاکستان کپ شیڈول کے مطابق ہوگا ، دوسرے تمام پروگرام روک دیئے گئے ہیں ڈومیسٹک کوچز کو بھی فارغ کیا جارہا ہے اور چھ ریجنل ایسوسی ایشنز کو ختم کردیا گیا ہے ۔