لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ عدالت پرویز الٰہی کو دوبارہ بحال کرتی ہے تو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، ہمارے تمام اقدامات آئین و قانون کے مطابق ہیں، آج 23 تاریخ ہے توڑو خیبر پختونخوا اسمبلی، ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے کے دور کے کارنامے قوم کے سامنے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور قوم کو مذہب کے نام پر بیوقوف بنایا گیا، عمران دور میں ملک کو ہر طرح سے تباہی کی طرف دھکیلا گیا جبکہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے کے دور کے کارنامے قوم کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار کا بھوکا شخص ہے اور ان کی نااہلی آج ان کے سامنے آگئی ہے، آج 23 تاریخ ہے توڑو خیبر پختونخوا اسمبلی، عمران خان چاہتا ہے کہ ملک میں کسی نہ کسی طریقے سے عدم استحکام رہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادی ملک کو عدم استحکام سے بچانا چاہتے ہیں۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے اہم ترین تفصیلات چھپائیں لیکن اب پاکستان کو آج اس گند سے چھٹکارہ دلانے کی ضرورت ہے، ہمارے تمام اقدامات آئین و قانون کے مطابق ہیں اور اگر عدالت پرویز الٰہی کو دوبارہ بحال کرتی ہے تو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔
عدالت پرویز الٰہی کو بحال کرتی ہے تو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا: رانا مشہود
06:20 PM, 23 Dec, 2022