لاہور : گورنر کی طرف سے برطرفی کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی کے وکلا نے ڈی نوٹیفاٸی کرنے کے خلاف پٹیشن تیار کر لی ہے جو کچھ دیر بعد دائر کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے درخواست لاہور ہاٸی کورٹ میں داٸر کی جاٸے گی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر نے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے وزیراعلی کو خط لکھا ہی نہیں ۔ ۔خط سپیکر کو لکھا گیا وزیراعلی کو نہیں ۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسمبلی اجلاس سپیکر نے بلایا ہوا ہے جسے گورنر ختم نہیں کر سکتے ۔ سییکر ہی اجلاس ختم کر سکتے ہیں ۔ایک اجلاس کے دوران گورنر دوسرا اجلاس طلب نہیں کر سکتے ۔ وزیراعلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بھی اسمبلی میں جمع ہے ۔
درخواست کے مطابق عدم اعتماد ہر پہلے کاررواٸی ہونی چاہیے تھی ۔گورنر نے آٸین کو نظر انداز کر کے محض اپنے وکلا کے مشورے پر عمل کیا ۔ گورنر کو اختیار نہیں کہ وہ غیر آٸینی طور پر وزیر اعلی کو ڈی نوٹیفاٸی کر سکیں ۔ عدالت گورنر کی جانب سے وزیراعلی کو ڈی نوٹیفاٸی کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے ۔