گھریلو صارفین کو گیس رعایتی نرخوں پر دینے کی تجویز

09:22 PM, 23 Dec, 2021

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: گھریلو صارفین کو گیس رعایتی نرخوں پر دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ تجویز ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقامی طور پر ایل پی جی کی پیداوار بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن نے کمیٹی کو گھریلو صارفین کو گیس رعایتی نرخوں پر دینے کی تجویزپیش کی۔وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں گیس سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قلیل اور طویل المدتی منصوبہ بندی کی ہدایت کی گئی۔

جاری کردہ اعلامیے کے تحت پیٹرولیم ڈویژن کو دی گئی تجاویز کو سمری کی صورت ای سی سی میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔شرکائے اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل این جی ٹرمینل بنانے کے لیے سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کو ملک کے لیے درآمدی ایل این جی کی طلب کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کمیٹی نے ایل این جی پر ٹاسک فورس کو فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزیدخبریں