اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ہوم ورک شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں انتخابات کی ابھی سے تیاری کرنا ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور سینئر رہنماؤں نے مشاورت کی۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری سرور، وفاقی وزرا فواد چودھری، شفقت محمود اور شہباز گل ، وزیر بلدیات محمود الرشید اور وزیر صحت یاسمین راشد نے شرکت کی۔ اجلاس میں دیرینہ کارکنان نے پارٹی کو مزید پروان چڑھانے کے لیے تجاویز دیں۔
وزیراعظم نے فوری طور پر پنجاب کے اضلاع میں بلدیاتی ہوم ورک شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی کی خود نگرانی کروں گا۔ چاہتے ہیں اختیارات کی منتقلی نچلی سطح پر ہو اور عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے کے لیے مضبوط بلدیاتی نظام دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاری کرنا ہو گی جبکہ پارٹی کی حکومتی اور سیاسی قیادت مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے اور پنجاب کی اعلیٰ قیادت پرانے رہنماؤں سے مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کرے۔ پرانے ورکرز اور پارٹی رہنماؤں کی آراء کا ہمشہ احترام کیا جبکہ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے عمل کو تیز کیا جائے۔
اس سے قبل زیراعظم عمران خان نے وزیر آبپاشی محسن لغاری سے ملاقات کی اور ملاقات کے دوران پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پر استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ صوبوں کے پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کا معاملہ کہاں تک پہنچا۔
محسن لغاری نے وزیر اعظم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو تونسہ بیراج پر مانیٹرنگ کروا دی تھی۔ سندھ نے گدو بیراج سے پنجاب کو مانیٹرنگ کی اجازت نہیں دی۔ سندھ مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پر تعاون نہیں کر رہا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا۔
دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، انتظامی امور اور امن و امان کی صوتحال سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور پرنسپل سیکٹری پنجاب عامر جان بھی شریک ہوئے۔
ملاقات میں پنجاب میں کھاد کی کسانوں کو بلا تعطل فراہمی کیلئے اٹھائے گئے انتظامی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے صوبے میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔ اسکے علاوہ حکومت کے فلاحی منصوبوں کے اثرات کو عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔