لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کو ہوٹل سے نکالنے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر نکالنے کے واقعے کا رات کو معلوم ہوا تو بہت افسوس ہوا ، اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر کیوں نکالا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے بے شمار منصوبے ہیں جن پر عملدرآمد کیلئے کمرشل مضبوط انتہائی ضروری ہے۔ ہم سٹیڈیم کے اطراف خالی جگہ پر کلب ہاؤس اور فائیو سٹار ہوٹل بنانا چاہتے ہیں جبکہ 11 سال کے بچے کو ٹیسٹ کرکٹر بنانے پر بھی کام کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ قائد اعظم ٹرافی میں پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کی بے نظمی کی وجہ سے فائیو سٹار ہوٹل نے ناردرن اور خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کو باہر نکال دیا تھا اور پی سی بی نے کھلاڑیوں کو آخری لمحات میں تھری سٹار ہوٹل منتقل کیا۔
ہوٹل انتظامیہ کے مطابق ٹیموں کی بکنگ 22 تاریخ تک تھی لیکن قائد اعظم ٹرافی کا فائنل 25 دسمبر سے کراچی میں شروع ہو گا جبکہ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دیگر معیاری ہوٹل میں درکار تعداد میں کمرے نہ ملنے کی صورت میں کھلاڑیوں کو بہترین ممکنہ جگہ شفٹ کیا گیا ہے۔