راولپنڈی : وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بینظیر بھٹو کی جائے شہادت کی حالت زار پر ایکشن لے لیا ، جائے شہادت پر ٹوٹ پھوٹ دیکھ کر انتظامیہ پر برس پڑے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان اچانک بینظیر بھٹو کی جائے شہادت پر پہنچ گئے ، ٹوٹ پھوٹ دیکھ کر بلدیہ راولپنڈی کے افسران کو موقع پر ہی طلب کرلیا ۔ فیاض چوہان نے مرمت میں تاخیر پر افسران کی سرزنش کی اور فوری مرمت اور بحالی کےاحکامات جاری کیے۔
یاد رہے کہ ایک تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے بی بی شہید کی جائے شہادت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی تھی ۔ جہاں پر کئی ماہ سے مرمت کا کام رکا ہوا تھا ۔
فیاض الحسن چوہان نے اس موقع پر کہا کہ بینظیر بھٹو شہید بطور سابقہ وزیراعظم ہمارے لیے قابلِ صد احترام ہیں، محترمہ بی بی شہید صرف پیپلزپارٹی نہیں، تمام پاکستانیوں کی نمائندہ تھیں۔انہوں نے کہا کہ پنجابی ہونےکے ناطےفرض ہے ہم اپنے سندھی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں۔