آصف علی آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بے صبری سے منتظر

آصف علی آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے بے صبری سے منتظر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کافی سالوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے اور میں اس سیریز کا شدت سے منتظر ہوں، ہم اس کیخلاف اچھا کھیل پیش کر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ 
آصف علی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کا بہت دکھ ہوا اور جو لوگ کورونا وائرس کا شکار ہوئے ان کیلئے دعاگو ہوں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد لوگوں کی مجھ سے توقعات بڑھ گئی ہیں اور میں بھی زیادہ محنت کرنے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اتر سکوں۔ 
آصف علی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے خاصے پرجوش دکھائی دئیے جنہوں نے کہا کہ لیگ پاکستان میں ہو گی اور مداح بھی سٹیڈیم آ سکیں گے ، میں ہمیشہ اپنی ٹیم کیلئے 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں اور اس مرتبہ بھی یہی کوشش ہو گی۔ 
جارح مزاج بلے باز کا کہنا تھا کہ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کا مداح ہوں، ان دونوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے کیونکہ انہوں نے بیٹنگ میں ایک معیار قائم کیا ہے، میری دعا ہے اللہ تعالی دونوں کھلاڑیوں کو ایسے ہی کامیابی دیتے رہیں اور پاکستان کیلئے ریکارڈ بنتے رہیں۔