پنجاب کے سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کے پہلے مرحلے کا آغاز

09:36 AM, 23 Dec, 2021

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پنجاب کے 24  اضلاع میں  آج   سے 6 جنوری تک  موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہو گیا،تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے نوٹی فیکیشن کے مطابق چھٹیوں پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے جن 24 اضلاع میں 23 دسمبر سے 6 جنوری تک چھٹیاں ہونگی ان میں لاہور سمیت قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ساہیوال، نارروال، گجرات، گوجرانوالہ، پاکپتن، شیخوپورہ، اوکاڑہ، وہاڑی، خانیوال، خوشاب، حافظ آباد، ملتان، لودھراں، بہاولنگر، سرگودھا، بہالپور،منڈی بہاء الدین، ننکانہ اور جھنگ شامل ہیں۔جبکہ جہلم، میانوالی، اٹک، مظفرگڑھ، چکوال، بھکر،راولپنڈی، راجن پور،لیّہ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور چنیوٹ میں3جنوری تا 13 جنوری 2022 تک تعطیلات ہوں گی۔


خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے سکولوں میں چھٹیوں کو 2 مختلف فیز میں تقسیم کیا تھا، جہلم سمیت 12 اضلاع میں 3 سے 13 جنوری تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ 24 اضلاع میں آج 23 دسمبر سے 6 جنوری تک چھٹیاں دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کیخلاف ناکافی اقدامات کے کیس کی سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن عدالت میں جمع کروایا تھا۔

دوسری جانب موسم سرما کی چھٹیوں کے حوالے سے محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پنجاب میں چھٹیاں 23دسمبر سے6جنوری 2022تک ہوں گی،تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے چھٹیوں پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے ۔کالجز و انسٹی ٹیوٹ ہائر ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹیاں دینے کے مجاز ہوں گے۔
پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار  کے مطابق جامعہ پنجاب میں چھٹیوں کا آغاز 24دسمبر سے 7جنوری تک ہوگا ،چھٹیوں کا اطلاق صرف طلبہ پر ہوگا،ملازمین معمول کے مطابق آئیں گے ،چھٹیاں ہر سال یونیورسٹی کیلنڈر کے مطابق دی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں